(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے حالیہ انتخابات کو انجینئرڈ قرار دے دیا۔
مسلم ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ 2024 کا الیکشن انجینئرڈ کیا گیا ،نتائج تبدیل کئے گئے، 1970 کے بعد تمام انتخابات میں دھاندلی کی گئی، ہر الیکشن میں نئے لاڈلے تیار ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں سیاست کی کوئی بنیاد اور نظریہ نہیں ہے، سیاست میں جمہوریت کے دعویداروں میں خود جمہوریت نہیں، جماعت اسلامی نے ماضی میں اتحادی سیاست بھی کی، اتحادی سیاست ناکام ثابت ہوئی، اتحادی سیاست ملک کو مسائل سے نکالنے کے بجائے مزید دلدل میں دھکیل دیتی ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مسالک کی بنیاد پر مذہبی جماعتوں کے اندر کی سیاست نے بھی نقصان پہنچایا ،ہم نے فیصلہ کیا کہ اپنے نشان پر الیکشن لڑیں گے اور اپنا پیغام دیں گے، ہمارےکارکنان نے الیکشن میں بھرپور محنت کی اور جماعت کا پیغام عوام تک پہنچایا۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری جماعت بارے لوگوں نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا، حالیہ انتخابات میں جماعت اسلامی کو پورے ملک میں 25 لاکھ ووٹ پڑے ہیں، آئی ایم ایف شرائط کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہے، مہنگائی نے ہر ادارے کو تباہ کیا۔