اس ملک میں فیصلے پہلے، الیکشن بعد میں ہوتا ہے، اس سے بڑا مذاق کیا ہوگا: سراج الحق
(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اس ملک میں فیصلے پہلے اور الیکشن بعد میں ہوتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بندر بانٹ پہلے ہوتی ہے الیکشن کے نام پر ڈرامہ بعد میں ہوتا ہے، اس سے بڑا مذاق ہماری قوم کے ساتھ کیا ہوگا؟ تمام بین الاقوامی اداروں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تمام بین الاقوامی اداروں نے اس الیکشن کو ڈرامہ قرار دیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ اگرچہ ہمارا کوئی آدمی قومی اسمبلی میں نہیں گیا، ہماری جماعت کے نتائج جو فارم 45 میں ہیں وہ فارم 47 میں نہیں ہیں ،چیف الیکشن کمشنر نے شفاف الیکشن کے انعقاد کا حلف اٹھایا تھا، 1970ء میں الیکشن ہوا، عوامی مینڈیٹ کو اہمیت نہیں دی گئی، 1977ء میں پھر دھاندلی زدہ الیکشن ہوا جس کا خمیازہ گیارہ سال قوم نے بھگتا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات ایک حکومت قائم کی گئی، 30 سال سے یہ 2 کمپنیاں حکومت چلا رہی ہیں، اب یہ کمپنی چلنے والی نہیں ہے، ان کی کرپشن لوگوں کے سامنے ہے، نوازشریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا لیکن بعد میں چھوڑ دیا، ہم نے پہلے ہی کہا تھا ان کی سیاست اپنے اور خاندان کے لئے ہے جبکہ جماعت اسلامی کی جدوجہد پاکستان کے لئے ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام اور ووٹ کی عزت کی کوشش کرتی رہے گی، جماعت اسلامی کسی خاندان نہیں عوام کیلئے ہے، ہم اپنی تحریک جاری رکھیں گے، جماعت اسلامی قانون کی بالادستی کیلئے کوشش جاری رکھے گی۔