(لاہور نیوز) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا لاہور پولیس کے کمپلینٹ سیل میں رواں سال 1424 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 806 درخواستیں نمٹا دی گئیں جبکہ 552 درخواستوں پر کارروائی کی جا رہی ہے، ایوانِ وزیر اعلیٰ کے پورٹل سے موصول ہونے والی 16 میں سے 9 درخواستوں کو نمٹا دیا گیا جبکہ 07 پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا سی سی پی او آفس میں آنے والے 633 درخواست گزاروں کی 370 درخواستیں نمٹائی جا چکیں جبکہ 197 پر کارروائی کی جا رہی ہے، اسی طرح 774 پوسٹل درخواستوں میں سے 426 پر کارروائی عمل میں لائی جا چکی جبکہ 348 پر کام جاری ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ہیلپ لائن 1242 کے ذریعے عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے، سی سی پی او آفس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف ملا ہے۔