(لاہور نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات واپس لینے سے متعلق تمام درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کر دی۔
سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات واپس لینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ کیا سیاسی جماعتوں میں انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہونے چاہئیں؟
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن بالکل ہونے چاہئیں مگر الیکشن کمیشن انتخابی نشانات واپس نہیں لے سکتا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ الیکشن ایکٹ تو تمام سیاسی جماعتوں نے خود بنایا ہے، وکیل نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن جرمانہ کرسکتا ہے جس پر فاضل جج نے کہا کہ ہمارے سامنے کوئی سیاسی جماعت نہیں آئی۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات واپس لینے سے متعلق تمام درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کر دی۔