(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے آغاز میں محض 3 روز باقی رہ گئے ہیں تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔
نویں سیزن کے آغاز سے قبل آئیے آپکو کچھ منفرد ریکارڈز بتاتے ہیں، جو متعدد کھلاڑیوں نے بنارکھے ہیں۔
سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ
پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور موجودہ چیف سلیکٹر بولر وہاب ریاض کا نام شامل ہے، جنہوں نے سب سے زیادہ (88) میچز کھیل رکھے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر (81) میچز کے ساتھ کراچی کنگز کے شعیب ملک ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کپتان سرفراز احمد اس فہرست میں تیسرے نمبر ہیں، انہوں نے (80) میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کررکھا ہے۔
سب سے زیادہ وکٹیں
پی ایس ایل میں 88 میچوں میں 113 وکٹیں لیکر وہاب ریاض آل ٹائم ٹاپ وکٹ ٹیکر ہیں، حسن علی 94 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 62 میچوں میں 89 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
زیادہ سنچریاں
پشاور زلمی کے سابق کھلاڑی اور پی ایس ایل کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک کامران اکمل نے 7 سیزن میں 3 سنچریاں بنائیں، جو کہ سب سے زیادہ ہیں۔ ان کے پیچھے جیسن رائے، شرجیل خان، ریلی روسو اور فخر زمان ہیں جو 2،2 سنچریاں بناچکے ہیں۔
ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے
پی ایس ایل 2020 کےسیزن میں لاہور قلندرز کے بین ڈنک ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے یہ کارنامہ 2 بار سرانجام دیا۔ کراچی کنگز کیخلاف 12 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف 10 چھکے ایک اننگز میں لگائے تھے تاہم وہ رواں سیزن میں پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے نویں سیزن کا آغاز 17 فروری سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 18 مارچ کو شیڈول ہے۔