انتخابی نتائج کیخلاف پی ٹی آئی، جے یو آئی، جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے جاری
(لاہور نیوز) تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے نے ملک بھر میں ہونے والے حالیہ قومی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا۔
2024ء کے قومی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی میں نمایاں تاخیر ہوئی جس سے انتخابی نتائج میں رد و بدل کے شکوک و شبہات اور مختلف سیاسی دھڑوں کی جانب سے احتجاج کو تقویت ملی، جنہوں نے الزام لگایا کہ ان کے مینڈیٹ پر حملہ کیا گیا۔کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاج کیا۔
اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمیعت علمائے اسلام ( ف) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کا مشترکہ احتجاج اور دھرنا جاری رہا، دھرنے کے باعث سکرنڈ بائی پاس کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مسافر ٹرانسپورٹرز پریشان ہوگئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں پی ٹی آئی نے مبینہ دھاندلی کے خلاف پنجاب کے مختلف حصوں میں "پرامن احتجاج" کی کال جاری کی تھی، پی ٹی آئی نے بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔