(لاہور نیوز) عام انتخابات 2024ء میں کامیاب ہونے والے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 8 آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے نتائج کے بعد آزاد امیدواروں نے باقاعدہ طور پر سیاسی پارٹیوں میں شمولیت شروع کر دی ہے، این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز، این اے 54 سے آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل ملک اور این اے 146 سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار پیر ظہور حسین قریشی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔
دوسری جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 189 سے آزاد امیدوار سردار شمشیر مزاری، این اے 253 سے آزاد امیدوار بیرسٹر میاں خان بگٹی اور پنجاب کے حلقہ پی پی 48 سے آزاد امیدوار خرم ورک، حلقہ پی پی 49 سے آزاد امیدوار رانا محمد فیاض نے اور پی پی 240 سے آزاد امیدوار محمد سہیل نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
بیرسٹر عقیل
بیرسٹر عقیل نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں اپنے سپورٹرز کو مبارک پیش کرتا ہوں، آپ سب نے جس طرح سے محنت کی اور مہم چلائی اللہ نے جیت کی صورت میں اسکا صلہ دیا، یہ سیٹ پہلے بھی نواز شریف کی تھی اب بھی ان کی ہے اور آئندہ بھی نواز شریف کی رہے گی، میں اپنی لیڈر شپ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور مریم نواز صاحبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
راجہ خرم نواز
اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 سے جیت کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے قومی اسمبلی کے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں (ن) لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی کا مشترکہ امیدوار تھا اب باقاعدہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گیا ہوں اور نئی حکومت کا حصہ ہوں گا، میں اپنے ووٹرز کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہوں انہوں عزم کا اظہار کیا ہے۔
میاں خان بگٹی
این اے 253 سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار میاں خان بگٹی نے کہا کہ مجھے کامیابی پر نواز شریف اور شہباز شریف نے مبارک باد دی، جس کے بعد میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گیا ہوں، میں نے انتخابات میں مسلم لیگ کا ٹکٹ بھی مانگا تھا۔
سردار شمشیر مزاری
حلقہ این اے 189 سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار سردار شمشیر مزاری نے کہا ہے کہ میں نے اپنے دوستوں سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، ہم ریاست کے وفادار ہیں اور اُسی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
رانا محمد فیاض
پسرور پی پی 49 کے کامیاب امیدوار رانا محمد فیاض نے کہا ہے کہ اپنے حلقے کی عوام سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت سے آج ملاقات کروں گا۔