(ویب ڈیسک) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بابر اعظم سرفہرست ہیں جبکہ محمد رضوان کا بیٹ خاموش رہا۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شریک بابراعظم، محمد رضوان، شعیب ملک، محمد وسیم اور محمد نواز این او سی کی مدت پوری ہونے کے بعد وطن واپس لوٹ رہے ہیں، جہاں پر اب پی ایس ایل میں اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے۔
لیگ 17 فروری سے شروع ہوگی، بی پی ایل کے باقی میچز کیلئے رنگپور رائیڈرز خاص طور پر بابراعظم کی کمی شدت سے محسوس کریں گے،انہوں نے لیگ چھوڑنے سے پہلے تک سب سے زیادہ 252 رنز 52.20 کی اوسط سے بنائے، اس دوران ان کا سٹرائیک ریٹ 114.61 رہا۔
کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرنے والے محمد رضوان پورے ایونٹ میں بڑے سکور کی کوشش ہی کرتے رہے، انہوں نے 5 میچز میں 21.25 کی اوسط سے صرف 85 رنز بنائے، ان کا سٹرائیک ریٹ بھی محض 82.52 رہا۔ احمد شہزاد نے 4 اننگز میں 121 رنز سکور کیے۔
شعیب ملک نے 4 میچز میں 84 رنز بنائے، ان کا ایونٹ میں سفر تھوڑا سا متنازع رہا، فورچون بریشال کے ساتھ معاملات حل ہونے پر دوبارہ ٹیم کو جوائن کیا اور بعد ازاں کھلنا ٹائیگرز کے خلاف فتح بھی دلائی۔
بولرز میں فہیم اشرف نے 8 وکٹیں 12.75 کی اوسط سے لیں، عامر جمال نے 3 میچز میں 6 پلیئرز کو پویلین بھیجا،انہوں نے ان میں 5 کو اپنے گذشتہ میچ میں آؤٹ کیا۔