روٹی، کپڑا، مکان کی بات کرنیوالوں نے کراچی کے عوام سے پانی تک چھین لیا:عطاتارڑ
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ روٹی ، کپڑا اور مکان کی بات کرنے والوں نے کراچی کے عوام سے پانی تک چھین لیا ہے۔
ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما اور این اے 127 سے امیدوارعطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کراچی میں گھروں تک پانی ٹینکروں کے ذریعے جاتا ہے، لاہور میں تعمیرو ترقی کے نشانات ہیں، کراچی ان کی بددیانتی کی وجہ سے کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے، پی کے ایل آئی جیسا ایک ہسپتال بتادیں جو سندھ میں بنایا ہو؟
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ آپ لاہور آئے ہیں،ویلکم کرتے ہیں، میں آپ کا سوبار نام بگاڑ سکتا ہوں، میری والدہ نے مجھے نام بگاڑنے سے منع کیا ہے، یہ کرپشن کی سیاست کررہے ہیں، اللہ کے فضل سے ہم الیکشن جیتے ہوئے ہیں،واضح برتری ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کہیں دھاوا نہیں بولا ،میرے ساتھ کیمرے تھے، دھاوا بولنا ہوتا تو لوگ بھجوا سکتا تھا، ہم نے پرامن احتجاج کیا جو ہمارا حق ہے، ان کے لوگوں نے گالم گلوچ کی،ہم نے پولیس کو بتایا ان کے لوگوں کو تھانے لیکر گئے، ان کے لوگ رشوت دیکر کام کررہے تھے۔
لیگی امیدوار کا کہنا تھا کہ لاہور کے غیور عوام آپ کے پیسے کو مسترد کریں گے، آپکی حکمت عملی کامیاب نہیں ہوگی، جہاں جہاں ووٹوں کی خریداری ہورہی ہے ایکشن لیا جائے، ہماری التماس ہے فوری طور پر خریدوفروخت کو روکا جائے۔
انہوں نے پی پی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب کو چاہیے اپنی بڑی عالیشان گاڑی سے اتر کر گلی کوچوں میں جائیں، ان کو سیاست کی سمجھ نہیں، بڑے بڑے عالیشان گھروں میں بیٹھ کر سیاست نہیں ہوتی، سیاست گلی کوچوں میں جاکر ہوتی ہے، میں تو حلقے میں پھر رہا ہوں ،آپ بھی عوام کے دکھ درد کو سنیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ وطیرہ بن گیا ہے آپ قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر رشوت دیتے ہیں، میں نے آج تک قرآن پاک پر ہاتھ نہیں رکھا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے درخواست ہے خدا خوفی کریں ، آپ ایک مقدس کتاب کی بے حرمتی کرکے مکروہ دھندہ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ باپ بیٹا آج ہی الیکشن چھوڑ کرکراچی چلے جائیں، میں آپ کو مسٹر 10سے مسٹر 70 پرسینٹ کا لقب دینا چاہتا ہوں، الیکشن کمیشن اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب غیر جانبدار ہیں، لاہور میں شیر کامیاب ہوگا،دھاڑے گا، پی پی والوں کو تو نہ ووٹ مل رہے ہیں نہ ہی ووٹرز۔