گوجرانوالہ والوں نے شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کو کامیاب کرانا ہے: شہباز شریف
(ویب ڈیسک) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ والو آپ نے 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کو کامیاب کرانا ہے۔
انتخابی مہم کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اچھے منصوبے کو آگے لیکر چلنا چاہئے، گزشتہ حکومت نے نواز شریف کے ایک ایک منصوبے کو بے دردی سے ختم کیا، پی کے ایل آئی لاہور دنیا کا مایہ ناز ہسپتال ہے جو 20 ارب روپے کی لاگت سے بنوایا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں پورے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے منصوبے بنے، نواز شریف نے منصوبوں کے ساتھ ساتھ کرپشن کے اوپر ضرب لگائی، نواز شریف نے گوجرانوالہ کے ہزاروں بچوں کو لیپ ٹاپس دیئے اور گوجرانوالہ میڈیکل کالج، گجرات میں یونیورسٹی بنائی۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ ،گوجرانوالہ کی سڑک نواز شریف نے بنائی، نواز شریف نے ترقی کی ایک داستان چھوڑی، نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹایا گیا، پھر ایک شخص کی حکومت آئی ،لوگوں نے کہا یہ تو فرشتہ ہے، مجھے بتائیں اس نے اپنے 4 سالوں میں ایک اینٹ بھی لگائی؟ اللہ نے نواز شریف کو 2013 میں موقع دیا، 2013 میں کرپشن کا انڈیکس 141 پوائنٹس پر تھا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن بڑھنے پر اپنی رپورٹ میں پی ٹی آئی کے چہرے کو پوری دنیا کے سامنے دکھایا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نوجوان قوم کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، نوجوانوں نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے، اللہ نے نواز شریف کو دوبارہ موقع دیا تو آپکے ہاتھ میں لیپ ٹاپس دے گا، آپ نے 8 فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے۔