(ویب ڈیسک) شائقین کرکٹ کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کے قریب پہنچ گئیں، گلوکار علی ظفر کی پانچ سال بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل میں واپسی ہو رہی ہے۔
علی ظفر اس سال آفیشل طور پر پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا ترانہ گائیں گے جس کی تصدیق پی ایس ایل کے مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت خود گلوکار کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔
پی ایس ایل کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے علی ظفر کی جاری کردہ مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار پیانو پر ایک دھن بجا رہے ہیں جبکہ کیپشن میں عندیہ دیا گیا ہے کہ انہوں نے لیگ کے آفیشل ترانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
کیپشن میں لکھا ہے کہ "سیٹی تو بجے گی، علی ظفر اپنے جادوئی انداز میں پی ایس ایل کے نویں سیزن کے ترانے کے لئے تیار ہیں"۔
سوشل میڈیا پر یہ خبر سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا گیا، شائقین نے کہا ہے کہ انہیں کب سے انتظار تھا کہ علی ظفر واپس آئیں اور پاکستان سپر لیگ کا ترانہ اپنی آواز میں گائیں۔
دوسری جانب پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ علی ظفر کے ساتھ اس سیزن کا گانا گائیں گی، اس کا اندازہ آئمہ کی حالیہ انسٹا گرام سٹوریز سے لگایا جا سکتا ہے۔