(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ورلڈ کلاس کرکٹر بابر اعظم نے اپنی زندگی کے اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے فینز سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ میری زندگی میں ایسے حالات بھی آئے جب والد صاحب کی گھڑیوں کی دکان پر کام کرنے جاتا تھا، صبح 6 بجے دکان پر جاتا اور وقفے کے دوران کرکٹ کھیلتا تھا، جب پاکستان ٹیم میں پہلی بار نام آیا وہ زندگی کے جذبانی لمحات میں سے ایک تھا، پی ایس ایل میری پسندیدہ کرکٹ لیگ ہے۔
"آج میں جس مقام پر ہوں اس میں سرفراز احمد کا بہت بڑا ہاتھ ہے "
سابق کپتان نے کہا کہ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں سرفراز احمد کا بہت بڑا ہاتھ ہے انہیں میرے بلے ہمیشہ پسند آتے ہیں، فخر زمان کیساتھ کھیلتے ہوئے پریشر نہیں ہوتا بلکہ دوسری ٹیم پریشر میں رہتی ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں زمبابوے کیخلاف شکست سے دل ٹوٹا تھا، جذباتی بھی ہوا تھا، سٹیو سمتھ کی کور ڈرائیو سب سے بہترین ہے اور اے بی ڈی ویلیئر میرے ڈریم بیٹنگ پارٹنر ہیں۔
"میرا سب سے بڑا گول ورلڈ کپ جیتنا ہے"
بابر اعظم نے مزید کہا ہے کہ بطور پروفیشنل کوئی پرفیکٹ نہیں ہوتا، جب کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی وجہ سے ان کی فیملیز کو ہٹ کیا جاتا ہے تو مشکل ہوتی ہے، ہمیشہ مثبت سوچ رکھتا ہوں، کبھی کبھی منفی چیزوں کو نظر انداز کرتا ہوں، جو غلطیاں ہوتی ہیں اپنے قریبی اور مینٹورز سے بات کرتا ہوں، میرا سب سے بڑا گول ورلڈ کپ جیتنا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے شادی سے متعلق سوال پر محمد رضوان کو جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اکیلے میں جواب دوں گا۔