پنجاب بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعدد امیدواروں کو نوٹسز
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں مانیٹرنگ ٹیموں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن کے دوران سکول ماسٹر برطرف کرنے کی سفارش کرتے ہوئے متعدد امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیئے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی ہدایات پر مانیٹرنگ افسروں نے خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر منگوال سکول کے ای ایس ٹی ٹیچر ماسٹر انور کی فوری برطرفی کے احکامات جاری کر دیئے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر چکوال نے سی ای او ایجوکیشن چکوال کو مراسلہ جاری کر دیا، ماسٹر انور امیدوار کی انتخابی اور سیاسی سرگرمیوں شریک تھے۔
مانیٹرنگ افسروں نے این اے 46 اسلام آباد کے امیدوار انجم عقیل خان کو غیر قانونی کیمپ بنانے پر نوٹس جاری کر دیا، خانیوال کے امیدواران ایان خان نیازی اور عبدالعلیم خان کو پینافلیکس پر قرآنی آیات درج کروانے پر نوٹس جاری ہوئے۔
الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر خانیوال این اے 155 اور پی پی 205 کے امیدواروں راجہ حیات معراج اور سید محمد مرتضیٰ کو پینا فلیکس آویزاں کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا جبکہ پی پی 31 اور 34 گجرات میں قیصرہ الہٰی اور سمیرا الہٰی کو بھی نوٹس جاری ہوئے۔
ملتان میں کارروائیوں کے دوران پی پی 216 اور217 میں امیدوار رائے منصب اور ملک طاہر ڈوگر کو نوٹس جاری کئے، پی پی 41 منڈی بہاؤ الدین سے بسمہ ریاض کو اوورسائز پینا فلیکس لگانے پر نوٹس جاری ہوئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کی طرف سے مختلف امیدواروں کو وارننگ دی۔