(ویب ڈیسک) اداکارہ یمنیٰ زیدی کی پہلی فیچر فلم " نایاب" آج سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
گزشتہ روز کراچی میں اداکارہ یمنی زیدی کی پہلی فیچر فلم نایاب کا شاندار پریمیئر منعقد ہوا، ریڈ کارپٹ پر شوبز ستاروں نے خوب جلوے بکھیرے۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی چھوٹی سکرین کے بعد بڑے پردے پر دھوم مچانے کیلئے پرامید ہیں۔
اس حوالے سے یمنیٰ زیدی کا کہنا تھا کہ فلم میں خواب ، جدوجہد ، زندگی کا مقصد ، محبت ، خاندانی تعلقات اور تفریح سب ایک ساتھ ملے گی۔
فلم میں اداکارہ یمنیٰ زیدی ویمن قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لئے خاندانی اور سماجی مسائل کے ساتھ ساتھ کئی مشکلات سے گزرتی ہیں جبکہ اداکار جاوید شیخ نے نایاب کے والد کا کردار ادا کیا ہے جہاں وہ نایاب کے کرکٹ کھیلنے کے خلاف ہیں۔
فلم میں بھائی کا کردار محمد فواد خان نے ادا کیا ہے جو کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے سے لیکر قومی ٹیم میں سلیکشن تک نایاب کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔
فلم کی زیادہ تر شوٹنگ کراچی میں کی گئی ہے، تاہم اس کے متعدد مناظر لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی فلمائے گئے ہیں۔