(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ آج کے دور میں ایٹم بم ریاست کا تحفظ نہیں کرتے جب قومیں بھوکی مرتی ہیں تو ریاستیں ٹوٹتی ہیں۔
شیخوپورہ میں انتحابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھوک و افلاس پھیلانے کیلئے ایک شخص کو مسلط کیا گیا، عالمی قوتوں کی منصوبہ بندی سے ایک بدکردار شخص کو اقتدار میں لایا گیا، عدل کے نظام کو چلانے والوں نے اس شخص کو صادق و امین قرار دیا، کیا صادق و امین قرار دینے والے گونگے بہرے تھے؟۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ غلط فیصلے کرنے والے لگژری زندگی گزار رہے ہیں اور قوم بھوکی مر رہی ہے، عالمی قوتیں چین کو پاکستان کیساتھ برداشت نہیں کرتیں، ہمسائے دوست ممالک بھی یہ برداشت نہیں کرتے، ریاست کا جغرافیہ تبدیل کرنے کیلئے دشمن نظریں جمائے بیٹھے ہیں، اب نواز شریف ہی ملک میں خوشحالی لاسکتا ہے، قوم کے ووٹ کا ایک غلط فیصلہ ملک ڈبو سکتا ہے۔