(ویب ڈیسک) معروف اداکار فیصل قریشی نے سینئر اداکار شان شاہد کی دریا دلی کا واقعہ سنا دیا۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار فیصل قریشی نجی ٹی وی چینل کے شو میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر پروگرام کے میزبان نے فیصل قریشی سے دلچسپ سوالات کئے اور فیصل قریشی نے اطمینان سے سوالات کے جواب دیئے۔
فیصل قریشی نے شان شاہد کی دریا دلی کا ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ شان شاہد کو تو اب یاد بھی نہیں ہوگا، یہ جب کی بات ہے کہ جب میں بہت برے دور سے گزر رہا تھا اور بعض مواقعوں پر تو میرے پاس کھانے کے پیسے بھی نہیں ہوتے تھے۔
فیصل قریشی نے کہا کہ اُس دور میں بھی کام چل رہا تھا، لیکن کپڑوں کی مارا ماری تھی، کبھی اپنے دوستوں وغیرہ سے بھی لے لیا کرتا تھا، اتفاق یہ ہوا کہ میں ایک گانا شوٹ کروا رہا تھا اور شان شاہد سٹوڈیو کے باہر ہی مل گئے۔
انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا کررہا ہے، میں نے کہا کہ گانا شوٹ کروا رہا ہوں، انہوں نے کہا یہ کیا پہنا ہوا ہے تونے؟ فلم ہے یار یہ، ساری زندگی یہ گانا چلے گا، انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ کوئی ٹی شرٹ پہنو اور اوپر کوئی لیدر کی جیکٹ پہنو، اس پر میں نے کہا کہ ”میرے پاس نہیں ہے“۔۔
جس پر انہوں نے اپنی ٹی شرٹ اور لیدر کی جیکٹ مجھے دی اور کہا یہ پہن لو، میں نے شان سے وہ چیزیں لے کر پہنیں اور گانا ریکارڈ کرایا۔