(ویب ڈیسک) سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ انہیں دنیا بھر کی لڑکیاں بہت پسند ہیں، لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں سے زیادہ اچھی دوستی ہے۔
سابق قومی کرکٹر شعیب ملک نے حال ہی میں اپنی پہلی بیوی بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کے بعد پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کی ہے، جس کے بعد کچھ حلقوں کی جانب سے ان پر کڑی تنقید بھی کی جارہی ہے۔
سابق پاکستانی سٹار کرکٹر شعیب ملک کی وائرل ہونیوالی ویڈیو نجی ٹی وی کے پروگرام کی ہے۔ جس میں شعیب اختر کے سوالوں میں سے ایک سوال یہ تھا کہ کسی بھی شعبے سے ایسی 5 لڑکیوں کے نام بتائیں جو آپ کو پسند یا پُرکشش لگتی ہیں۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے شعیب ملک نے پرجوش ہوکر کہا کہ 5 نہیں 500 لڑکیاں ہیں، مجھے دنیا بھر کی لڑکیاں بہت پسند ہیں، میرے خیال میں 5 نام کافی نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزے کی بات یہ ہے کہ میری لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں سے زیادہ اچھی دوستی ہے، میں خود بھی شاید ایک لڑکی لگتا ہوں۔
واضح رہے کہ شعیب ملک کی پہلی شادی 2010ء میں بھارتی سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے ہوئی تھی جبکہ انہوں نے 18 جنوری 2024ء کو اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کی، جس کی اطلاع 20 جنوری کو دے کر انہوں نے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔