(ویب ڈیسک) معروف ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین نے کیریئر کے شروع میں اجنبی شخص کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
نادیہ حسین نے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اجنبی شخص نے پیچھا کیا تو میں خوفزدہ ہوگئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ شادی سے قبل پیش آیا جب میں ماڈلنگ انڈسٹری میں نئی آئی تھی۔
نادیہ حسین نے کہا کہ شادی سے قبل سی ویو کے علاقے میں اپنی رہائش گاہ کے قریب تھی کہ اچانک ایک گاڑی میں سوار لڑکے نے ان کا پیچھا کیا اور اس سے بچنے کے لیے گاڑی گلیوں میں گھماتی رہی۔
ماڈل نے کہا کہ کافی دیر کے بعد مجھے پولیس موبائل نظر آئی تو سکھ کا سانس لیا اور اپنی گاڑی روک کر پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ گاڑی میں موجود لڑکا میرا پیچھا کررہا ہے جبکہ میرے رکنے پر وہ لڑکا بھی وہی رک گیا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی شکایت پر جب پولیس والا لڑکے کے پاس گیا تو اس کے ساتھ ہاتھ ملا کر ہاتھ جوڑنے لگا یہ دیکھ کر میں خوفزدہ ہوگئی۔
نادیہ حسین نے بتایا کہ میں وہاں سے گاڑی بھگا کر گھر آگئی لیکن لڑکا بھی پیچھے پیچھے آگیا پھر میں نے اپنے سکیورٹی گارڈز کو قصہ بتایا جس کے بعد لڑکا کچھ دیر بعد وہاں سے چلا گیا۔