17 Jan 2024
(لاہور نیوز) سموگ اور خشک سردی کے باعث نمونیا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں نمونیا کے مزید 220 جبکہ لاہور میں 110 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 720 جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر4 ہزار 700 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیا سے 8 بچے جاں بحق ہوئے جس کے بعد نمونیا سے جاں بحق بچوں کی مجموعی تعداد 120تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیا ،چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں، چلڈرن ہسپتال میں 55 سے زائد بچے داخل ہیں، جناح ہسپتال، سروسز، جنرل اور گنگا رام ہسپتال میں بھی بچے زیر علاج ہیں۔
ادھر عام مارکیٹ میں نمونیا ویکسین اور ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔