(ویب ڈیسک) اداکار عمران عباس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہت سے دوست بنائے لیکن ان کے بہترین دوست بھارت میں ہیں۔
پاکستانی اداکار عمران عباس کا شمار ان پاکستانی اداکاروں میں کیا جاتا ہے جن کی مقبولیت سرحد پار بھی پائی جاتی ہے، یہی نہیں عمران عباس بھی بھارت اور بھارتی اداکاروں سے خاص محبت رکھتے ہیں جس کااعتراف انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کیا۔
دوران شو عمران عباس نے بتایا کہ انہیں ممبئی بہت پسند ہے اور وہاں انہوں نے کافی دوست بنائے ہیں۔
عمران عباس کے مطابق بھارتی ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی میرے بہت اچھے دوست ہیں، اداکار و ہدایت کار بونی کپور کی سابقہ اہلیہ مونا کپور نے بھی راکھی باندھ کر مجھے اپنا بھائی بنایا ہے، میں نے بہت سارے دوست بنائے ہیں لیکن میرا خیال ہے سب سے اچھے دوست بھارت میں ہیں، اسی لیے مجھے ممبئی جا کر اچھا لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھ مسائل ہوں لیکن ہمارے والدین بھارت سے پاکستان آئے ہیں تو ہماری یادیں وہاں سےجڑی ہوئی ہیں، میں بھارت میں اپنے والدین کے گاؤں گیا تو وہاں کے لوگ مجھے پہچان گئے تھے، گلیوں میں بچے میرے پیچھے بھاگ رہے تھے، میرے والدین کی خواہش تھی وہ واپس اپنے گاؤں کو دیکھیں لیکن وہ نہ دیکھ سکے کیوں کہ دونوں اب حیات نہیں ہے۔
واضح رہے عمران عباس نے بالی ووڈ میں 2014 میں انٹری دی تھی۔ انہوں نے بھارتی اداکارہ بپاشا باسو کے ساتھ 'کریچر تھری ڈی' فلم میں کام کیا تھا۔