(لاہور نیوز)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں نمونیا کے کیسز میں اضافہ ہونے پر مارکیٹ میں نمونیا کی ویکسین بھی نایاب ہو گئی۔
شدید سردی میں ایک طرف نمونیا کے کیسز بڑھ رہے ہیں تو دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب میں نمونیا کی ویکسین نایاب ہوگئی ہے جبکہ نمونیا کا ڈیٹا بینک نہ ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے ۔
مارکیٹ میں نمونیا ویکسین کی بلیک میں فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے، ایک ویکسین کی قیمت 14ہزار روپے تک وصول کی جارہی ہے،بین الاقوامی معروف کمپنی کی پراڈکٹ فینومو ویکس جس کی قیمت 1200 روپے ہے وہ مارکیٹ میں دستیاب نہیں ۔
سینی فلور ایکس بھی مارکیٹ میں نہیں مل رہی جبکہ دیگر بڑی بڑی کمپنیوں کی نمونیا کی ادویات بھی نایاب ہیں ۔
نمونیا کی بڑی علامات میں کھانسی، سردی لگنا، سانس کی تکلیف اور تھکاوٹ شامل ہے ،طبی ماہرین کے مطابق پاکستان میں سالانہ 92 ہزار بچے نمونیا کے باعث انتقال کرجاتے ہیں۔