(ویب ڈیسک) بیوی کو زندہ جلاکر مار دینے اور کچن میں آگ لگنے کا رنگ دینے والے شوہر اور سوتیلے بیٹے سی ٹی ڈی انسپکٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔
فیکٹری ایریا میں آگ لگنے سے خاتون کی ہلاکت کے معاملے میں نیا رخ سامنے آگیا، پولیس کے مطابق خاتون تبسم کو آگ لگا کر قتل کیا گیا جس پر مقتولہ کے شوہر نذیر اور سوتیلے بیٹے سی ٹی ڈی انسپکٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں شوہر راجہ نذیر اور سی ٹی ڈی انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، راجہ نذیر نے تبسم سے دوسری شادی کی تھی، ملزم کے سالے مدعی مقدمہ کے مطابق اس کا بہنوئی ملزم راجہ نذیر بہن کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا، ملزم نے موقف اختیار کیا کہ تبسم کو چائے بناتے آگ لگی جب کہ موقع پر پہنچے تو آگ کچن کی بجائے کمرے میں لگی تھی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ اور حالات و واقعات نے ملزم کے بیان کی نفی کردی۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔