دوران عدت نکاح کیس : بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پرفردجرم کی کارروائی مؤخر
(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فردجرم کی کارروائی مؤخر کردی گئی ۔
کیس کی سماعت سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں کی، بشریٰ بی بی عدالت پیش نہ ہوئیں جبکہ سلمان اکرم راجہ، عثمان گل اور دیگرعدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں درخواست گزار وکیل رضوان عباسی بھی پیش ہوئے ، بشریٰ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔
درخواست گزار وکیل راجہ رضوان عباسی نے استثنیٰ درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیارکیا کہ درخواست پر بشریٰ بی بی کے دستخط موجودنہیں ہیں، جس پر وکیل صفائی نےکہا کہ دستخط کرواکر دوبارہ درخواست عدالت میں جمع کرادیں گے۔
وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ کل فردجرم عائد کی جائے، وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت سے استدعا کی کہ کل ہائیکورٹ میں سائفر کیس ہے، کب فری ہوں علم نہیں، سماعت پیر تک ملتوی کی جائے ،عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔