(لاہور نیوز)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے سرکاری ملازمین ترمیمی آرڈیننس2023 جاری کر دیا۔
آرڈیننس میں سرکاری ملازمین کی پنشن سے متعلق شق میں ترمیم کی گئی ہے۔
کنٹری بیوشن پنشن سکیم کے تحت حکومت اور سرکاری ملازم دونوں پنشن اکاؤنٹ میں حصہ ڈالیں گے، یہ رقم پنشن فنڈ میں سرکاری ملازم کی ریٹائرمنٹ تک انویسٹ کی جائے گی۔
ریٹائرمنٹ پر فنڈ میں جمع کی رقم کو دوبارہ انویسٹ کر کے سرکاری ملازم کو ماہانہ پنشن ادا کی جائے گی،متعین کردہ کنٹری بیوشن پنشن سکیم کا اطلاق آرڈیننس کی جاری کردہ تاریخ یا اسکے بعد بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین پر ہو گا۔
دوسری جانب گورنر پنجاب نے بطور چانسلر مختلف یونیورسٹیوں کے سنڈیکیٹ ممبرز کی نامزدگیوں کی بھی منظوری دے دی۔
یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے سنڈیکیٹ ممبرز کے لیے پروفیسر ڈاکٹر افضل خالد اور ڈاکٹر افرا سہیل کو تین سال کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
گورنر پنجاب نے چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کے سنڈیکیٹ ممبرز کے لیے پروفیسر ڈاکٹر خالد منصور، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ، پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ رضوی جبکہ پرسنز آف ایمیننس کی کیٹیگری میں ڈاکٹر رانا محمد طارق ، قیصر جاوید اور پروفیسر ڈاکٹر صائقہ امتیاز علی کو عرصہ تین سال کے لیے مقرر کر دیا ۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو بھی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اسلامی فقہ کے عالم کی کیٹیگری میں عرصہ تین سال کے لیے سنڈیکیٹ کا ممبر نامزد کر دیا۔