محسن نقوی کا رات گئے چلڈرن ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کا کام تیز کرنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی، مین کوریڈور اور دیگر وارڈز میں اپ گریڈیشن کا کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے شدید سردی میں چلڈرن ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مین کوریڈور، استقبالیہ کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور کام کے معیار کو چیک کیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ بجلی اورایئرکنڈیشن کی وائرنگ کے کام میں معیار اورحفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، وائرنگ کے کام کو آئندہ 3روز میں مکمل کیا جائے۔محسن نقوی نے مین کوریڈور میں ٹائلز لگانے کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مین کوریڈور میں تیز رفتاری سے کام پر سیکرٹری تعمیرات ومواصلات،سیکرٹری صحت اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات کو کام کرنے والے مزدوروں سے ملاقات کی اور رات گئے تک محنت سے کام کرنے پر شاباش دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں۔
نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 100سے زائد ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کا ٹاسک 31جنوری تک مکمل کریں گے، پوری ٹیم دن رات کوشاں ہے،انشاءاللہ خلوص نیت سے کی جانے والی محنت کا ثمر عوام کو ضرور ملے گا۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور سیکرٹری صحت نے اپ گریڈیشن کے تحت کاموں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت ٹائلز لگانے اور فنشنگ ورک شروع ہو چکا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات،سیکرٹری صحت،کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنراور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔