(لاہور نیوز) لاہور کے علاقے اچھرہ میں گھر میں آتشزدگی سے4 بہن بھائی جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ چوک بابا اعظم کے قریب رہائشی عمارت کی پانچویں منزل پر لگی،ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل چاروں بچے جان کی بازی ہار چکے تھے، بچوں کی شناخت 12سالہ ایمان، 8 سالہ نور، 5 سالہ ابراہیم اور 2 سالہ اسماعیل کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پالیا جبکہ کولنگ کا عمل بھی مکمل ہو گیا، پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی کارروائی مکمل کی، پولیس کا کہنا ہےکہ آگ لگنے کی وجوہات کے تعین کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
4بچوں کی اچانک موت پر والدین غم سے نڈھال ہیں جبکہ علاقے میں سوگ کا سماں اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
اہل محلہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان گزشتہ روزہی گاؤں سے واپس آیا تھا، ریسکیو اہلکاروں نے بچوں کو بچانے کی بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوئے۔
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی ہے اور بچوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔