فضل الرحمان کو نشانہ بنانے کا مقصد انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی سازش ہے: شہبازشریف
(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ڈی آئی خان میں مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔
شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھی حملے میں محفوظ رہے، سابق وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ غیرملکی اسلحہ سے لیس پاکستان دشمن عوامی قائدین کو نشانہ بنا کر دہشت پھیلانا چاہتے ہیں، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پاکستان دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گی، قوم اپنے اتحاد کی قوت اور سکیورٹی فورسز کی طاقت سے پاکستان کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو نشانہ بنانے کا مقصد پاکستان میں انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی سازش ہے، دہشت گرد پاکستان اور پاکستانیوں کے دشمن ہیں، قوم کو مل کر اس دشمن کو مٹانا ہوگا۔