(لاہور نیوز) سابق وزیرِ اعظم و صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی اربوں روپے کما کر دیتا ہے، شہر قائد کو اس کا حق دینے کے لئے آیا ہوں۔
کراچی میں ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ حکومت میں ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا جس کیلئے ان کے شکر گزار ہیں، آگے بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہوگا، ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن ملکر ان چیلنجز کا سامنا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے حالات میں سیاسی جماعتوں میں ذہنی ہم آہنگی بہت اہم ہے، ایم کیو اہم ہماری سنجیدہ پارٹنر ہے، تمام کام شراکت داری اور ٹیم ورک سے ہوگا، ماضی میں تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہا، مخلوط حکومت میں ایم کیو ایم کے ساتھ اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط تھا، ہم نے چیلنجز، سیلاب اور ملک کے ڈیفالٹ ہونے کے خطرے کا مل کر مقابلہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی ذات سے بالاتر ہو کر کروڑوں عوام کی خوشحالی کیلئے ہر چیز وقف کرنا ہوگی، آئیں مل کر فیصلہ کریں کہ پاکستان اور اس شہر کو عظیم بنائیں گے، عوام کے مینڈیٹ کے تابع تمام معاملات ہوں گے، عوام جس طرح کا مینڈیٹ دیں گے اسی طرح نظام چلے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سازشیں آج بھی عروج پر ہیں، کچھ قوتیں پاکستان کو سیاسی اور معاشی انتشار میں مبتلا دیکھنا چاہتی ہیں، تین بار کے وزیراعظم کو ہتھکڑیاں لگا کر دنیا کے سامنے رسوا کیا گیا، وہ لاڈلا تھا؟ لاڈلا وہ ہوتا ہے جو عدالتی حکم کے بعد بھی پیش نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 5 سالوں میں برے طریقے سے گالم گلوچ ہوئی، ایک دوسرے کے خلاف الزامات کی بوچھاڑ کی گئی، شبانہ روز جھوٹ بولا گیا، پاکستان کے معاشرے میں زہر گھولا گیا۔
اللہ ن لیگ اور متحدہ میں ہم آہنگی قائم رکھے: خالد مقبول
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک میں ایسی جمہوریت ہونی چاہیے جس کے ثمرات عام پاکستانی تک پہنچیں، سیاسی جماعتوں میں اس وقت ذہنی ہم آہنگی سب سے بڑی شرط ہے۔
ایم کیو ایم کے کنوینئر کا کہنا تھا کہ ایک بہتر جمہوریت اور پاکستان بنتا ہوا دیکھ رہا ہوں، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن میں ہم آہنگی موجود ہے اللہ اسے قائم رکھے، مسلم لیگ ن کے وفد کو متحدہ کے دفتر آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
’نوازشریف کا سلام اور خصوصی پیغام متحدہ کی قیادت کو پہنچایا‘
قبل ازیں سابق وزیرِ اعظم و صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کا وفد کراچی میں ایم کیو ایم کے بہادر آباد میں واقع مرکز پہنچا جہاں خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور رابطہ کمیٹی کے ارکان نے استقبال کیا۔
شہباز شریف کی قیادت میں لیگی وفد نے ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے درمیان الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر انتخابی امور پر مشاورت ہوئی۔
ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق، نسرین جلیل، انیس قائم خانی و دیگر شریک ہوئے جبکہ ن لیگ کے وفد میں ایاز صادق، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، بشیر میمن، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر و دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کا سلام اور خصوصی پیغام متحدہ کی قیادت کو پہنچایا۔
شہبازشریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ اپنے دوستوں سے ملنے آیا ہوں، نواز شریف کا پیغام اور سلام لایا ہوں۔