(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میزبان آسٹریلوی ٹیم کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔
ایک انٹرویومیں شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست پر بہت مایوسی ہوئی ہے تاہم میزبان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے لئے ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے جس کا فائدہ ٹیم کو میچ میں فتح کی صورت میں ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ آسٹریلوی ٹیم کو اس کی سرزمین پر شکست دینا مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کینگروز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کو دوسرے میچ میں شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔
انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے خلاف سیریز میں واپسی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔