(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ ٹائی پر پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے بھارت کی اپیل مسترد کردی۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے آزاد ٹربیونل نے فیصلہ سنایا کہ ڈیوس کپ ٹائی پاکستان میں ہوگی۔
بھارت، پاکستان میں عام انتخابات اور سکیورٹی کو بنیاد بنا کر ڈیوس کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلنا چاہتا تھا اور گزشتہ ماہ بھی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھارتی مؤقف کو تسلیم نہیں کیا تھا۔
پاکستان نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملک میں سکیورٹی صورتحال کا کوئی مسئلہ نہیں، دیگر ٹیمیں پاکستان میں آکر کھیل رہی ہیں۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے آزاد ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیوس کپ نہ کھیلنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں، پاکستان میں سکیورٹی صورتحال ایسی نہیں کہ میچ نہ ہوسکیں۔
گزشتہ ایک ماہ میں پاکستان کا مؤقف دو بار تسلیم کیا گیا اور آزاد ٹربیونل نے بھارت کو فروری میں پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ سنایا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی 4 فروی کو کھیلا جائےگا۔