(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے وقت سے پہلے بالوں کے سفید ہونے کی وجہ بیان دی گئی۔
تفصیلات کےمطابق محققین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں تمباکو نوشی اور 30 سال کی عمر سے پہلے بالوں میں سفیدی آنے کے مابین تعلق پایا گیا ہے۔محققین کے مطابق تمباکو میں شامل مضر صحت کیمیکلز کی وجہ سے خلیوں اور بافتوں میں آکسیجن کے توازن میں بگاڑ پیدا ہوجاتا ہے جو بالوں کی رنگت کو برقرار رکھنے والے خلیوں پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس کے نتیجے میں وقت سے پہلے ہی انسان کے بالوں میں سفیدی نمودار ہونے لگتی ہے۔
تمباکو نوشی کے علاوہ کھانے پینے کی عادات بھی بالوں کے سفید ہونے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، کچھ غذائی اجزا بالخصوص وٹامن بی 12، ڈی تھری، کیلشیئم اور معدنیات جیسے تانبا، فولاد اور زنک کی کمی کا تعلق بھی جوان العمری میں بالوں کے سفید ہوجانے کی وجہ پایا گیا ہے۔
تحقیقی مطالعات میں یہ پتاچلا کہ جن افراد میں ان غذائی عناصر کی سطح کم تھی ان کے بال وقت سے پہلے سفید ہونا شروع ہوگئے تھے۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بالوں کی صحت کے لیے خوراک بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ بالوں کو صحت مند رکھنے کے لیے روزہ مرہ خوراک میں مذکورہ بالا غذائی اجزا کو شامل رکھنا بہت ضروری ہے۔