(لاہور نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گجومتہ سے قرطبہ چوک تک فیروز پور روڈ کی بحالی کا پلان تیار کرلیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر میٹرو بس ٹریک کے ساتھ ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے ایل ڈی اے نے فیروز پور روڈ کی بحالی کا پلان بنا لیا،گجومتہ سے قرطبہ چوک تک فیروز پور روڈ کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔
فیروز پور روڈ پر دو میگا پراجیکٹس کی تعمیر کے سبب سڑک خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے لاہور کی مصروف ترین شاہراہ فیروز پور روڈ پر ٹریفک روانی بھی سست روی کا شکار رہتی ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر ایل ڈی اے نے فیروز پور روڈ کی بحالی کیلئے 21 کروڑ 5 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا، سڑک پر اسفالٹ کارپٹنگ اور واک ویز کی بہتری کا کام بھی کیا جائے گا۔
ایل ڈی اے کی جانب سے سڑک کی بحالی کا کام تین ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا۔