(لاہور نیوز) حویلی کھڑک سنگھ کمپلیکس کی بحالی کا کام آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔
شاہی قلعہ میں واقع حویلی کھڑک سنگھ ، مہاراجہ رنجیت سنگھ نے اپنے بڑے صاحبزادے کھڑک سنگھ کے لیے تعمیر کرائی تھی لیکن سکھ دور کیاختم ہواکہ جیسے اِس حویلی کی قسمت بھی سو گئی ۔
بالآخر طویل عرصے تک اپنی قسمت پرنوحہ کناں رہنے والی اِس حویلی کے دن اب تبدیل ہوتے نظرآنےلگے ہیں، یہ تبدیلی اُس منصوبے کے باعث رونما ہوئی جو اِس حویلی کی بحالی کے لیے رواں سال اپریل میں شروع کیا گیا تھا۔
9 کروڑروپے کی لاگت سے جاری منصوبے کے دوران حویلی میں موجودفریسکو ورک کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تو ایک بڑی لائبریری کا قیام بھی منصوبے کا اہم حصہ ہے۔
کچھ شک نہیں کہ یہ منصوبہ حویلی کھڑک سنگھ کو نئی چمک دمک بخشے گا، منصوبے کی تکمیل پر تاریخ کا یہ شاندار نقش مزید کئی صدیوں تک محفوظ ہوجائے گا لیکن اِس کے دوام کا بہت زیادہ انحصار سیاحوں کے طرز عمل پر بھی ہوگا۔