(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسمبلیوں اور سینیٹ میں صرف جاگیردار ہیں ، مزدور اور غریب کا خیال کرنے والا کوئی نہیں۔
امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مزدور لاوارث نہیں ہے، ہماری پوری ٹیم آپ کے ساتھ ہے،مزدور پاکستان کی جان اور عزت ہے مگر ریاست اور پاکستان کا نظام ایسا ہے کہ مزدور سے کام تو لیا جاتا ہے لیکن مزدور کے گھر والوں کا خیال نہیں رکھا جاتا،پاکستان میں اس وقت کوئی ادارہ ایسا نہیں ہے جو مزدور کے بارے میں کچھ سوچ رہا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اسمبلیوں اور سینیٹ میں صرف جاگیردار بیٹھا ہے،یہاں جو نظام ہے اس میں ہر حکومت میں ایک جیسے لوگ ہی نظر آتے ہیں، ریلوے میں مزدوروں کی بہت ساری آسامیاں خالی ہیں، جو مزدور مر چکے ہیں ان کے بچوں کو ملازمت ملنی چاہئے، لیکن یہ لوگ وہ اسامیاں ختم کر دیتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن، پی پی پی اور پی ٹی آئی نے مل کر ریلوے کو تباہ کیا، ان لوگوں نے سو میں سے پچاس ٹرینیں بند کیں اور اب صرف پچاس ٹرینیں ہی چل رہی ہیں،ان لوگوں نے ریلوے ٹریک کا لوہا بیچا اور پیسہ کھایا،جب تک یہ لوگ بیٹھے ہیں مزدور ترقی نہیں کرے گا، صرف سرمایہ کار اور جاگیردار ہی ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگر آج ڈھائی کروڑ بچہ تعلیم سے دور ہے اور سات کروڑ سے زائد نوجوان روزگار سے محروم ہیں تو اس کی وجہ مسلم لیگ ن، پی پی پی اور پی ٹی آئی ہیں، ریلوے کی ناکامی کی وجہ اس کا مزدور نہیں بلکہ اس کی کرپٹ مینجمنٹ ہے،اگر وزیر خزانہ کی تنخواہ میں تاخیر ہوتی ہے تو یہ مزدور بھی انتظار کرلیں گے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت مزدوروں کا خیال نہیں رکھتی، جن لوگوں کو آپ اپنی بات سنانا چاہتے ہیں وہ اندھے اور بہرے ہیں، آپ لوگ باہر ہیں اندر کوئی اور فیصلے کررہا ہے، پاکستان میں کچھ گھرانے ملک کے تمام وسائل کو کنٹرول کررہے ہیں، جماعت اسلامی ہی پاکستان کے ریلوے نظام کو بہتر کر سکتی ہے۔