(لاہور نیوز) شہر میں گیس کے لو پریشر اور گیس بندش کی شکایات میں اضافہ ہو گیا۔
گیس کے لو پریشر اور کمپریسر کے استعمال کی شکایات پر سوئی ناردرن حکام کا کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،شہر کے مختلف علاقوں میں کمپریسر استعمال کرنے والوں کے کنکشنز منقطع کیے جارہے ہیں۔
سوئی ناردرن حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ کمپریسر کے استعمال پر صارف کا ایک ہفتے تک کنکشن بند رکھا جائے گا، کمپریسر کے دوسری دفعہ استعمال پر موسم سرما میں گیس کنکشن بحال نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق سوئی ناردرن لاہور ریجن کی جانب سے ایک ماہ کے دوران 537 کنکشنز کمپریسر کے استعمال پر منقطع کیے گئے،صارفین کو ایک ہفتے تک گیس بندش اور جرمانے کی سزا دی گئی،کمپریسر کا استعمال انتہائی خطرناک ہے۔
سوئی ناردرن حکام کا مزید کہنا ہے کہ کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین دوسرا کی حق تلفی کرتے ہیں، کمپریسر کے استعمال کی وجہ سے پورے علاقے میں گیس کے لو پریشر کی شکایات ہوتی ہیں۔