(ویب ڈیسک)نگران حکومت کی جانب سے پاکستان سٹیل ملز کو نجکاری کی فہرست سے نکال دیا گیا۔
رپورٹ کےمطابق نگران حکومت نے 26 اداروں کی نجکاری کے جاری پروگرام کی نئی فہرست جاری کردی ہے جس میں سے پاکستان اسٹیل مل کو نکال دیا گیا ہے۔مذکورہ فہرست میں سب سے زیادہ توانائی شعبے سے تعلق رکھنے والے 14 ادارے شامل ہیں۔ فنانشل، ریئل اسٹیٹ سے متعلق چار ، چار اداروں کو نجکاری فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
انڈسٹریل سیکٹر کے3 ادارے جاری نجکاری پروگرام کا حصہ ہیں جب کہ ہوا بازی شعبے کا ایک ہی ادارہ پی آئی اے نجکاری پروگرام کی فعال فہرست میں شامل ہے۔نجکاری کے جاری پروگرام میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، بلوکی، حویلی بہادر، گدو، نندی پور پاور پلانٹس کو شامل کیا گیا ہے جب کہ 10 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیاں بھی فعال نجکاری فہرست کا حصہ ہیں۔
اس فہرست میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، فرسٹ ویمن بینک، پاکستان انجینئرنگ کمپنی اور سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ بھی شامل ہیں جبکہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور، جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد اور پی آئی اے کا روز ویلٹ ہوٹل بھی شامل ہے۔