سلمان علی آغا کے بریسلٹ نے میچ کے دوران انہیں مشکل میں ڈال دیا،امپائر کا با ر بار کلائیوں کا معائنہ
(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سلمان علی آغامیچ کے دوران اپنے بریسلٹ کی وجہ سے مشکل میں پڑے رہے۔
رپورٹ کے مطابق پرتھ ٹیسٹ میں سلمان علی آغااس وقت اپنے بریسلٹ کی وجہ سے مشکل میں آگئے جب امپائرز نے 2 مرتبہ آستینیں اوپر کروا کر ان کی کلائیوں کا جائزہ لیا، پہلے روز فاکس کرکٹ کے کیمروں نے سلمان علی آغاکو فوکس کیا اور ایک امپائر نے اپنی کلائیاں دکھانے کو کہا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خرم شہزاد کی گیند پر اسٹیون اسمتھ آؤٹ ہوئے اور پاکستانی کھلاڑی جشن منارہے تھے،تھوڑی دیر بعد امپائرز نے پھر آل راؤنڈر کو طلب کیا اور ان سے آستینیں اوپر کرنے کو کہا، جس پر سلمان علی آغانے اپنی کلائی پر موجود بریسلٹ دکھایا، کپتان شان مسعود بھی وہاں پہنچ گئے۔
اس دوران سلمان نے اپنا بریسلٹ ڈیوڈ وارنر کو دکھاکر کوئی بات کی اور وہاں سے چلے گئے جبکہ آسٹریلوی اوپنر دوبارہ کھیلنے لگے۔اس موقع پر کمنٹری کرنے والے سابق اسپنر کیری اوکیف نے پوچھا کہ وہاں پر کیا بات ہوئی؟ دوسرے کمنٹیٹر مارک ہاورڈ نے کہا کہ سلمان کے بریسلٹ پر تشویش ظاہر کی گئی، وارنر نے کہا کہ کوئی بات نہیں کھیلتے رہو۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے پھر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تاہم اس موقع کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔