(لاہور نیوز) تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر ریلوے پریم یونین نے احتجاج کا اعلان کر دیا، 21 دسمبر کو لاہور میں بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز پریم یونین کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پریم یونین ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ ریلوے کا مالی بحران بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل رہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دور میں صورتِ حال مزید خراب ہوئی، 21 دسمبر کو بھرپور احتجاج کی کال دے دی ہے، ملک بھر سے ریلوے ملازمین ریلوے ہیڈکوارٹرز کا گھیراؤ کریں گے۔
پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہیں اے جی پی آر کے تحت دی جائیں، تمام سیکشنز پر ٹرینوں کو بحال کیا جائے۔ریلوے پریم یونین کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ریلوے کے تمام ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے، ریلوے کو پرائیویٹ کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔