(لاہور نیوز) معروف اداکار فرید نواز بلوچ کو دنیا سے رخصت ہوئے 22 برس بیت گئے، فرید نواز بلوچ نے ٹی وی کیلئے بے شمار ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کے لازوال کردار آج بھی مداح نہیں بھولے۔
معروف اداکار فرید نواز بلوچ 9 ستمبر 1946 کو حیدر آباد میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز ریڈیو پاکستان لاہور سے کیا، اداکار نے بے شمار ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کے مشہور ڈراموں میں دیواریں، جنگل، جانگلوس، ناٹک رنگ، ہوائیں سمیت 100 سے زائد سندھی اور اردو ڈرامے شامل ہیں۔
فرید نواز بلوچ کو سنجیدہ اور مزاحیہ کردار ادا کرنے میں مہارت حاصل تھی، سندھی وڈیرے کا کردار کرنے میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا، وہ 15 دسمبر 2001ء کو دل کے دورے کے باعث 56 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔
مرحوم اداکار کے صاحبزادے یاسر نواز اور دانش نواز اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کے میدان میں صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔