(لاہور نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر ایل ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں سے پیش رفت رپورٹس طلب کر لیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ انڈر پاسز کی دوبارہ تزئین و آرائش پر ایل ڈی اے نے بڑی زیادتی کی ہے جس کے باعث سموگ میں اضافہ ہوا۔
سی بی ڈی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ والٹن روڈ کا پراجیکٹ برسات سے پہلے مکمل کرنا ضروری ہے،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ زمین سے پانی نکال کر سارے شہر میں چھڑکاؤ جاری ہے بعد میں پتہ چلے گا کہ زمین سے پانی ختم ہوگیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ ایل ڈی اے میں پیسہ چلتا ہے، اس ملک کی یہ حالت اس وجہ سے ہوئی کہ کوئی پوچھنے والے نہیں۔
بعدازاں عدالت نے پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے تمام کیفے سیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواستوں پر مزید کارروائی 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔