(لاہور نیوز) احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن اور کک بیکس وصولی کے معاملے میں چودھری پرویز الہٰی و دیگر ملزمان کی طلبی کے نوٹسز جاری کردیئے۔
احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے نیب ریفرنس پر سماعت کی، نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے معاملے پر پرویز الہٰی سمیت دیگر کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے، احتساب عدالت نے پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر 14 ملزمان کی طلبی کے نوٹس جاری کیے۔
بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی و دیگر کیخلاف مبینہ کرپشن کے معاملے میں نیب ریفرنس پر مزید سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے جس میں نیب کا مؤقف ہے کہ پرویز الہٰی اور مونس الہٰی سمیت دیگر نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ،سابق وزیراعلیٰ نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔