(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 42 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے ۔
سیکرٹری ہیلتھ لاہور علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 14ہزار سات سو63 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ لاہور میں گزشتہ روز 26 نئے مریض سامنے آئے ، رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 6782 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔
رواں سال راولپنڈی میں ڈینگی کے کل 2649 مریض رپورٹ ہوئے ، راولپنڈی میں گزشتہ روز ایک نئے مریض میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ، اسی طرح گوجرانوالہ ، ملتان میں گزشتہ روز 4 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
سیکرٹری ہیلتھ لاہور کے مطابق فیصل آباد میں گزشتہ روز 5 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پاکپتن اور جہلم میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔
پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 51 مریض زیر علاج ہیں ، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 28 مریض زیر علاج ہیں ۔
سیکرٹری ہیلتھ کاکہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں ، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔