(ویب ڈیسک) سارہ انعام کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم شاہنواز امیر کو کلاشنکوف برآمدگی کیس میں بری کر دیا گیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو کلاشنکوف برآمدگی کیس میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کلاشنکوف برآمدگی کیس میں ملزم کی رہائی کی روبکار جاری کرنے کا حکم دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ملزم کیخلاف الزام ثابت کرنے میں بری طرح ناکام رہی، استغاثہ کے شواہد میں ایک سے زائد شکوک وشبہات پائے گئے، شک کا فائدہ ملنا ملزم کا حق ہے۔
فیصلے کے مطابق کیس کی کمپلینٹ پولیس سٹیشن کو بھجوانے والے کانسٹیبل طارق کو بطور گواہ عدالت میں پیش ہی نہیں کیا گیا، اتنے اہم گواہ کو عدالت پیش نہ کرنے کے قانون شہادت کے تحت نتائج ہیں، پرائیویٹ شخص کو گواہ نہ بنانا بھی ایک اور بڑا سقم ہے۔