(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا آل راؤنڈر عماد وسیم کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر رد عمل سامنے آ گیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں محمد رضوان نے عماد وسیم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آپ کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں سن کر حیرت ہوئی‘‘۔
اپنے پیغام میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’’ میرے بھائی مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان کیلئے بین الاقوامی کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے آپ کے پاس ابھی کئی سال باقی ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر نے مزید کہا کہ ’’ زندگی کے ہر پہلو میں آپ کیلئے نیک خواہشات ، چمکتے رہیں‘‘۔
دوسری جانب لیگ سپنر شاداب خان نے عماد وسیم کو شاندار کیریئر پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کھیل کر خوشی ہوئی، کیریئر کی نئی اننگز میں آپ کیلئے نیک خواہشات ہیں۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کیلئے کھیلنا ایک خواب تھا جو سچ ثابت ہوگیا۔