(لاہو ر نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاہ اشرف کی تقرری کیخلاف درخواست پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی سی بی کی تقرری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس انوار حسین نے شہری حافظ سکندر ہمایوں کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے چودھری آصف شہزاد ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ذکا اشرف سیاسی جماعت کے رہنما ہیں، ذکا اشرف اس پوسٹ کی کوالیفکیشن پر پورا نہیں اترتے ،ان کو سیاسی بنیادوں پر پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین لگا دیا گیا، پی سی بی کے آئین کے تحت یہ تقرری نہیں ہو سکتی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے ہی سیاسی تقرریاں ختم کرنے کا حکم دے رکھا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ ذکا اشرف کی تقرری کالعدم قرار دے۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان ، فیڈریشن، وزارت بین الصوبائی امور اور ذکا اشرف کو جوابات داخل کرانے کے لیے ایک اور مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔