ڈی سی لاہور نے کمرشل اور انڈسٹریل تعمیرات کے نقشوں کی درخواستیں مسترد کر دیں
(لاہور نیوز) ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر نے رہائشی، کمرشل اور انڈسٹریل تعمیرات کے نقشوں کی 1227 درخواستیں مسترد کر دیں۔
بلدیہ عظمیٰ پلاننگ ونگ کی رپورٹ میں ہوش رُبا انکشاف ہو گیا۔ شہریوں کی طرف سے نقشوں کیلئے جمع کروائی گئی 12 سو 27 درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق 913 درخواستیں میٹروپولیٹن کارپوریشن پلاننگ ونگ کیوسک سینٹر میں جمع کروائی گئیں۔ پلاننگ ونگ کیوسک سینٹر میں صرف 82 درخواستوں کو منظور کیا گیا۔ 998تعمیرات کے نقشوں کی درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا۔ 160کمرشل اور 69 انڈسٹریل یونٹس کے نقشے بھی مسترد کئے گئے۔
علامہ اقبال ٹاؤن میں 4 کمرشل ، 8 انڈسٹریل اور 27 رہائشی نقشے مسترد کئے گئے۔ گلبرگ ٹاؤن میں 2 کمرشل ، 10 رہائشی نقشے منظور نہ ہو سکے۔ راوی ٹاؤن میں ایک کمرشل ، 6 انڈسٹریل اور 8 رہائشی نقشے مسترد ہوئے۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور کے خزانے میں تاحال نقشوں کی مد میں رواں برس ٹارگٹ پورا نہ ہو سکا اور مسترد شدہ نقشوں کی فیس کی مد میں 15 کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل رافعہ حیدر کا کہنا ہے چیف آفیسر ایم سی ایل ٹارگٹ پورا نہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔