(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر سہیل تنویر کو قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔
سہیل تنویر کا پہلا اسائنمنٹ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا انتخاب ہوگا جو 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا جس کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔
پی سی بی کے مطابق سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ یہ تقرری ان کے لیے اعزاز ہے جس کے لیے وہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ ایک بہت اہم ذمہ داری ہے اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔
سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی ذمہ داری انڈر 19 ایشیا کپ اور انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم کی تشکیل ہے۔
یاد رہے کہ سہیل تنویر نے 2007 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 2 ٹیسٹ، 62 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر130 وکٹیں حاصل کیں اور 612 رنز سکور کیے ہیں۔