(لاہور نیوز) پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کا انخلا سست روی کا شکار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 14 روز کے دوران پنجاب پولیس صرف 432 غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کر سکی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب سے 11ہزار غیر قانونی تارکین وطن رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جا چکے ہیں، اب تک پولیس اور دیگر ادارے 33 ہزار 235 تارکین وطن کے دستاویزات کو چیک کر چکے ہیں۔
غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کو تیز کرنے کے حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوبارہ اجلاس طلب کیا ، آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب کے تمام افسران کو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی اور روزانہ کی بنیاد پر تمام افسران کو رپورٹ آئی جی آفس بھجوانے کا حکم جاری کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کل 80 ہزار کے قریب تارکین وطن موجود تھے،ان میں 45 ہزار کے پاس پی آر او کارڈ اور دیگر رہائشی دستاویزات موجود ہیں،جن غیر قانونی تارکین وطن کے پاس کوئی دستاویزات موجود نہیں ان کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔