(لاہور نیوز) موسم تبدیل ہونے کے باوجود ڈینگی کے کاری وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں 232 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، رواں سال صوبے میں ڈینگی کے 11 ہزار پانچ سو 87 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔
سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کا کہنا ہے کہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 5082 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز 139 نئے مریض سامنے آئے۔
رواں سال روالپنڈی میں ڈینگی کے کل 2480 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ راولپنڈی میں گزشتہ روز 19 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ رواں سال ملتان میں ڈینگی کے کل 1141 مریض ، گزشتہ روز 11 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی.
رواں سال گوجرانوالہ میں ڈینگی کے کل 1107 ، گزشتہ روز 28 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی. فیصل آباد میں کل 591 مریض جبکہ گزشتہ روز 20 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی.
شیخو پورہ اور لودھراں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے تین تین نئے مریض سامنے آئے۔ ساہیوال، سیالکوٹ اور اوکاڑہ میں ڈینگی کے دو دو نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر اور حافظ آباد میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔
پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 132 مریض زیرعلاج ہیں۔ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 75 مریض زیرعلاج ہیں ۔
سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔