(ویب ڈیسک) انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ بھی پاکستانی کرکٹ سٹار نسیم شاہ کا مداح نکلا، کلب نے فاسٹ بولر کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کردی۔
یاد رہے کہ نوجوان سپیڈ سٹار اس وقت انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ نسیم شاہ کندھے کی انجری کے باعث آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء سے باہر ہوگئے تھے۔
پاکستان کے سابق کرکٹر محمد یوسف اور نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کچھ عرصہ قبل مانچسٹر یونائیٹڈ اور نیو کاسل کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والا مقابلہ دیکھا تھا۔
اب مانچسٹر یونائیٹڈ کے مداحوں کو پتہ چلا ہے کہ 'محبت' یکطرفہ نہیں ہے۔
انگلش فٹ بال کلب نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پاکستانی سپیڈ سٹار کی ایک تصویر بھی شیئر کردی۔ جس کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’’یونائیٹڈ ہم تم سے پیار کرتے ہیں‘‘۔
شیئر کی گئی تصویر میں نسیم شاہ مانچسٹر یونائیٹڈ کا مفلر پہن کر فٹبال کلب کے لوگو کے سامنے کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ میں اپنے نوجوان فاسٹ بولر کی کمی شدت سے محسوس ہورہی ہے۔